کتب و رسائل

میاں وہمی

بچوں کی کہانیوں پر مشتمل محمد توصیف ملک کی کتاب پر محمد رمضان شاکر کا تبصرہ

محمد توصیف ملک کا شمار ادب اطفال کے معروف لکھنے والوں میں ہوتا ہے۔ادب اطفال کے مختلف رسائل میں ان کی تحریریں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ان تحاریر کے علاؤہ انہوں نے اپنا ایک مزاحیہ کردار “میاں وہمی “بھی تخلیق کیا ہے.میاں وہمی سے متعلقہ ان کی بیشتر تحاریر مختلف رسائل میں شائع ہو کر سند پسندیدگی حاصل کر چکی ہیں۔اس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنی کتاب میاں وہمی شائع کروائی ہے۔جوکہ بچوں کا کتاب گھر جیسے مشہور و معروف ادارے سے شائع کی گئی ہے۔
بلاشبہ یہ ایک دلچسپ اور مزاح سے بھرپور مزاحیہ کارناموں پر مشتمل کتاب ہے جو آغاز سے لے کر اختتام تک اپنے قاری کو بور نہیں ہونے دیتی ہے۔میاں وہمی کی عجیب و غریب اور وہم پر مبنی حرکات خوب خوب لطف دیتی ہیں۔امید واثق ہے کہ یہ کتاب محمد توصیف ملک کے ادبی کیریئر کی بہترین مثال قائم کرے گی اور ادبی حلقوں میں خوب خوب پزیرائی حاصل کرے گی۔
محمد توصیف ملک کی ادب دوستی سے کس کو انکار ہے۔ادب اطفال میں آپ اپنی ادب دوستی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ان کی پہلی کتاب منظر عام پر آئی تو انہوں نے ہمیشہ کی طرح بندہ ناچیز کو یاد رکھا اور میاں وہمی کا خوبصورت تحفہ بڑی محبت اور چاہت سے روانہ کیا اور جب تک کتاب مل نہیں گئی آرام سے نہیں بیٹھے۔توصیف بھائی بہت بہت شکریہ اس نایاب تحفے کے لیے۔اس کا ایک ایک لفظ خوشبو بن کر ہمیشہ میرے ذہن و دل کو مہکاتا رہے گا اور آپ کی یاد دلاتا رہے گا۔

میاں وہمی کی شخصیت کا خاکہ

محمد توصیف ملک نے نہ صرف اپنا تخلیقی کردار وضع کیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ میاں وہمی کا مکمل شخصی خاکہ بھی پیش کیا ہے۔جس سے پڑھنے والوں کو اس کردار کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔اس شخصی خاکے میں میاں وہمی کی وضع قطع اور عادات و اطوار پر سیر حاصل روشنی ڈالی گئی ہے۔
میاں وہمی اور ٹائم بم کو اس کتاب کی اولین تحریر ہونے کا شرف حاصل ہوا ہے۔اس تحریر میں میاں وہمی اپنے ایک دوست کی دعوت پر جاتے ہیں اور اپنی عجیب و غریب حرکتوں کی وجہ سے شرکائے محفل کو خوب خوب ہنساتے ہیں اور پھر ایک مہمان کے لائے گئے تحفے کو ٹائم بم سمجھ کر تقریب میں ہلچل مچا دیتے ہیں۔جب اصل حقیقت سامنے آتی ہے تو ان کو شرمندہ ہونا پڑتا ہے اور وہ وہاں سے کھسکنے کی کرتے ہیں۔
یوں تو تمام تحریریں ہی ایک سے بڑھ کر ایک ہیں اور دلچسپی کا عنصر لیے ہوئے ہیں۔ مگر میاں وہمی مری میں،میاں وہمی نے بکرا خریدا،میاں وہمی سبزی منڈی میں،میاں وہمی بنے شکاری،میاں وہمی نے آٹا خریدا،میاں وہمی بنے جاسوس،میاں وہمی نے انڈے خریدے،میاں وہمی اور بھوت بنگلہ،اور میاں وہمی ہسپتال کو چلے بہترین تحریروں میں سے ایک ہیں۔
خوبصورت اور دیدہ زیب سرورق سے مزین یہ خوبصورت کتاب مشہور و معروف پبلشنگ ادارے بچوں کا کتاب گھر نے شائع کی ہے۔ایک سو ستائیس صفحات پر مبنی اس کتاب میں تیس تحریریں پیش کی گئی ہیں اور اس کی قیمت 600 روپے ہے۔کتاب منگوانے کے لیے بچوں کا کتاب گھر یا مصنف سے اس نمبر03354376164 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button