پشاور( جواں ادب رپورٹ) پشاور میں عالمی یوم اطفال کے حوالے سے “ادبیات اطفال خیبر پختونخوا” کی ایک تقریب پشاور پریس کلب میں منعقد ہوئی جس کی صدارت معروف شاعر، ماہر تعلیم اور نقاد ڈاکٹر اسحاق وردگ نے کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی کلثوم زیب تھیں جبکہ ڈاکٹر سیما شفیع ،امجدعزیز ملک ،ارشد عزیز ملک ،اے وسیم خٹک بطور مہمانان اعزاز شریک ہوئے۔تقریب کی نظامت ڈاکٹر قدرت اللہ خٹک نے کی ۔تقریب میں ڈاکٹر راج محمد آفریدی کی دوکتابوں “نور کا سفر “ اور “روبوٹوں کی سیر” کے ساتھ ساتھ عمران یوسف زئی کی دو کتابوں “ڈھینچوں ڈھینچوں “ اور “بچوں کے لیے کہانیاں “ کی رونمائی ہوئی۔
ڈاکٹر قدرت اللہ خٹک نے “نور کا سفر” پر سیر حاصل گفتگو کی جب کہ ڈاکٹر راج محمد آفریدی نے عمران یوسف زئی کی کہانیوں مشتمل کتاب اور اس کی کہانیوں کا جائزہ پیش کیا ۔
مقررین میں شامل کلثوم زیب ،سیما شفیع ،ارشد عزیز ملک ،اے وسیم خٹک ،ڈاکٹر رئیس مغل اور ڈاکٹر اسحاق وردگ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوش آئند ہے کہ آج ورلڈ چلڈرن ڈے کے موقع پر خیبرپختونخوا میں بچوں کا ادب لکھنے والے ایک تقریب میں اکٹھے ہوئے اور تخیلق کاروں کی تخلیقات پر ان کی ہمت بڑھائی.مقررین نے چار کتابوں کی اشاعت کو بچوں کے ادب کی ترویج و ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا.