شعیب مرزا کی کتاب ’’ ببلو تے چندا ماموں ‘‘کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے انعام

لاہور(ایس این این) بچوں کے معروف ادیب اور مدیر ماہنامہ ‘پھول’ محمد شعیب مرزا کی بارہ سے سولہ سال کے بچوں کے لیے لکھی گئی پنجابی کہانیوں کی کتاب ‘ببول تے چندا ماموں’ کو پلاک حکومت پنجاب کی جانب سے پلاک ایوارڈ اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی ان کی کئی کتب مختلف ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ بچوں کے ادیبوں نے شعیب مرزا کو اس کامیابی پر مبارک پیش کی ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج اینڈ کلچر ( پلاک ) محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کی طرف سے 2025ء کے دوران پنجابی میں شائع ہونیوالی بہترین کتابوں پر ’’ پلاک‘‘ ایوارڈز دینے کی تقریب پنجاب آڈیٹوریم میں ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محمد اسلم شاہد نے تمام انعام یافتگان کو مبارک باد پیش کی اور کہا ہماری کوشش ہے کہ پنجابی زبان میں لکھنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔ ایڈیٹر ماہنامہ پھول محمد شعیب مرزا کو ان کی بچوں کیلئے پنجابی کہانیوں کی کتاب ’’ ببلو تے چندا ماموں‘‘ پر ایوارڈ اور ڈیڑھ لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ تحقیق میں اول انعام ثناور چدھڑ، دوم ڈاکٹر ظہیر حسن وٹو ، سوم ڈاکٹر فاخرہ شجاع، ترجمہ نگاری میں اول ڈاکٹر افتخار احمد سلہری، دوم ثروت سہیل، سوم حمید رازی، نثر میں اول اعجاز، دوم سلیم شہزاد، سوم رانا حماد افضل، بال ادب بچوں کیلئے لکھی گئی کتابوں پر اول امجد جاوید ، دوم محمد شعیب مرزا، سوم ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد جبکہ شاعری میں اول ڈاکٹر خاقان حیدر، دوم ڈاکٹر ظہیر حسن وٹو، سوم انعام دو شاعروں ڈاکٹر رزاق شاہد اور حکیم ارشد شہزاد کو دئیے گئے۔ مجموعی طور پر منصفین میں ڈاکٹر نبیلہ رحمن، ڈاکٹر سعادت علی ثاقب، ڈاکٹر جمیل پال، ڈاکٹر ناصر بلوچ ، پروین ملک، ذاہد حسن ، ڈاکٹر نوید شہزاد ، ڈاکٹر عباد نبیل اور غلام حسین ساجد شامل تھے۔



