عمران سیریز کے مصنف مظہر کلیم ایم اے انتقال کر گئے

0
161

ملتان(ایس این این)جاسوسی ناول نگار اور عمران سیریز کو بام عروج بخشنے والے عظیم مصنف مظہر کلیم ایم اے آج ملتان میں انتقال کر گئے .مظہر کلیم ایم اے نے ابن صفی کے بعد عمران سیریز کو دوبارہ دوام بخشا.ان کے انتقال کے ساتھ ہی ان کے تخلیق کیےگئے کردار بھی دم توڑ گئے۔مظہر کلیم ایم اے پیشے کے اعتبار سے وکیل اور براڈ کاسٹر تھے. انھوں نے عمران سیریز کے سینکڑوں ہاٹ سیل ناول تخلیق کیے. انھوں نے بچوں کے لیے عمرو عیار، آنگلو بانگلو، چھن چھنگلو اور چلوسک ملوسک سیریز کی بہت سی کہانیاں لکھیں جو آج کے لکھنے والوں کے لیے لکھنے اور پڑھنے کی پہلی سیڑھی ثابت ہوئیں.انہوں نے ابنِ صفی کے انتقال کے بعد تقریباً 40 سال تک باقاعدگی سے جاری رکھا جبکہ عمران سیریز میں نئے کردار بھی شامل کرتے رہے۔واضح رہے کہ ابنِ صفی کے بعد اِن کے تخلیق کردہ کرداروں پر بہت سے مصنفین نے طبع آزمائی کی لیکن جو کامیابی مظہر کلیم ایم اے کے حصے میں آئی، وہ کسی اور کو حاصل نہ ہوسکی۔مظہر کلیم 22 جولائی 1942 کے روز ملتان کے ایک برخاست پولیس افسر حمید یار خان کے گھر پیدا ہوئے۔ ان اصل نام مظہر نواز خان تھا لیکن انہوں نے ’’مظہر کلیم ایم اے‘‘ کے قلمی نام سے شہرت پائی۔جناب مظہر کلیم نے اسلامیہ ہائی اسکول ملتان اور ایمرسن کالج سے ابتدائی اور ثانوی تعلیم حاصل کی جس کے بعد جامعہ ملتان (موجودہ جامعہ بہاء الدین زکریا) سے اردو ادب میں ایم اے اور ایل ایل بی کی اعلی تعلیمی اسناد بھی حاصل کیں۔وکالت اور عمران سیریز کے علاوہ مظہر کلیم ایم اے ریڈیو ملتان سے مشہور سرائیکی ریڈیو ٹاک شو ’’جمہور دی آواز‘‘ کے میزبان بھی رہے جبکہ ملتان بار کونسل کے نائب صدر بھی منتخب ہوئے۔مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد از نماز ظہر ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی گئی اور سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ملتان میں سپر د خاک کر دیا گیا.

اپنی رائے دیجیے

Please enter your comment!
Please enter your name here